کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل کا افتتاح ہفتے کو رنگارنگ تقریب میں ہورہا ہے۔ میگا ایونٹ کے دوران کرکٹ دیوانے موج، مستی اور ماردھاڑ انجوائے کرینگے۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور دو ہی بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں رات آٹھ بجے سے کھیلا جائے گا۔ ڈبل ہیڈر میں دوپہر کا میچ دوپہر 2بجے جبکہ دوسرا رات 7بجے شروع ہوگا۔ رمضان المبارک کے دوران ہونے والے میچز رات 9بجے شروع ہوں گے۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہماری نظریں تیسرا ٹائٹل جیتنے پر ہیں ۔قذافی اسٹیڈیم ایچ بی ایل پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی پہلی بار میزبانی کرے گا۔ شام ساڑھے چھ بجے شروع ہونے والی تقریب میں شائقین نہ صرف شاندار آتش بازی کا نظارہ کریں گے بلکہ عارف لوہار، پاپ بینڈ نوری اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 9کے ترانے کے گلوکار علی ظفر اور آئمہ بیگ سمیت فنکار بھی پرفارم کریں گے۔ پی ایس ایل کے حوالے سے تمام کپتان پرجوش ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا میں اس سیزن میں ٹرافی اٹھانا چاہتا ہوں۔ گزشتہ سیزن سے اپنی غلطیوں کا جائزہ لیا ہے اور اس بار اپنے منصوبوں کو مناسب طریقے سے انجام دینے کے منتظر ہیں۔ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ مہم ملتان میں اپنے ہوم گراؤنڈ سے شروع کر رہے ہیں، سیزن کو شروع کرنے کا اس سے بہتر کوئی اور طریقہ نہیں ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اس سیزن میں چیمپئن بننے کیلئے تیار ہیں۔