راولپنڈی(نمائندہ جنگ)راولپنڈی ڈویژن کے آر اوز نے لیاقت چٹھہ کے الزامات کی تردید کر دی مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ذمہ داری پوری ایمانداری سے انجام دی،انتخابات شفاف ہوئے،سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے انتخابات کے بارے میں انکشافات کے بعد رات گئے ڈی آر او/ڈپٹی کمشنر آفس میں راولپنڈی ڈویژن تمام آر اوز کا اجلاس ہوا اور لیاقت علی چٹھہ کی پریس کانفرنس کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں متفقہ موقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں نے لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کی تردید کی ہے۔قائم مقام کمشنر سیف انور جپہ کے ہمراہ راولپنڈی،اٹک،چکوال،مری،تلہ گنگ اور اٹک کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ،جس میں انہوں نے لیاقت علی چٹھہ کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی تردید کی ،انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی طرف سے دی گئی ذمہ داری پوری ایمانداری سے انجام دی،ہم پر کوئی دبائو نہیں تھا،انتخابات شفاف او درست انداز میں ہوئے،انتخابی عمل میں سابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن کا کوارڈی نیشن کے علاوہ ایسا کردار نہیں تھا کہ وہ انتخابی عمل پر اثر انداز ہوتے۔پریس کانفرنس میں ڈی آر او راولپنڈی حسن وقار چیمہ،اٹک کے رائو عاطف،چکوال کی قراۃ العین،مری کے آغاز ظہیر عباس شیرازی ،تلہ گنگ کے ڈی آر او خاور بشیرکے ساتھ ساتھ سیف انور جپہ نے بھی الزامات کی تردید کی، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو لیاقت علی چٹھہ کے الزمات کی تحقیقات کرکے حقائق سامنے لانےچاہئیں۔