اسلام آباد (فاروق اقدس/جائزہ رپورٹ) 8فروری کو ہونیوالے انتخابات میں راولپنڈی کی قومی اور صوبائی اسمبلی کےحلقوں کے بارے میں کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی ڈرامائی انکشافات کے بعد انکے بارے میں سوشل میڈیا پر نئے نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں جن میں انکی اہم کاروباری، سیاسی اور غیر سیاسی شخصیات سے وابستگی، ہائوسنگ سوسائیٹز اور پراپرٹی کی خریدوفروخت میں خطیر رقوم کی سرمایہ کاری سمیت نجی معاملات کے حوالے سے بھی تبصرے کئے جارہے ہیں ،یہ بھی پوچھا جارہا ہے کہ کیا کیا لیاقت علی چٹھہ ہنی ٹریپ ہوئے؟ سوشل میڈیا پر امریکی ویزے کی فوٹو کاپی کیا واقعی اصل کی نقل ، تعطیل کے باعث امریکی سفارتخانے سے تصدیق نہ ہوسکی ،گوکہ ان تبصروں میں ملک کے معروف اور مانوس صحافی بھی شامل ہیں تاہم انکے مصدقہ ہونے کے بارے میں واضح شواہد سامنے نہیں آئے ان تبصروں اور انکشافات میں جو سوالات اٹھائے گئے ہیں اور استفسار کیا گیا ہے، اسلام آباد کے ایک صحافی نے اپنے تبصرے میں کہا کہ کمشنر راولپنڈی گزشتہ چار پانچ حکومتوں میں تواتر کیساتھ اچھی پوسٹنگ لیتے رہے ہیں اور یٹائرمنٹ کے قریب جب اِن سے ترقی کی لالچ دیکر دھاندلی کروائی گئی تو وعدہ خلافی پر موصوف پھٹ پڑے، سنگین الزامات بے بنیاد نہیں ہو سکتے مگر وجہ جاننا بھی ضروری ہے، کمشنر راولپنڈی کے الزامات اگر درست مان بھی لئے جائیں تو کیا ایک کمشنر کی بطور ریٹرننگ افسر ڈیوٹی لگائی جاتی ہے کیا لیاقت چٹھہ 4 مارچ کو ریٹائر نہیں ہو رہے؟ کیا اُنکی کی گریڈ 21 میں ترقی کیلئے سلیکشن بورڈ کا 6 فروری کا اجلاس پندرہ دن کیلئے ملتوی نہیں ہوا؟، مذکورہ صحافی نے یہ قیاس بھی ظاہر کیا کہ ہوسکتا ہے اِنکے علم اور تحویل میں بہت سے فارم45 ہوں اور ریٹائرمنٹ سے پہلے گریڈ 21 میں ترقی کے امکان ختم ہونے پر انہوں نے یہ تباہ کن بیان جاری کئے ہوں، ایک خاتون اینکر نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ مستعفی ہونیوالے کمشنر راولپنڈی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ایم این اے احمد چٹھہ کے کزن ہیں، انہوں نے 13 فروری کو امریکہ کا ویزا لیا ہےوہ رحمان گارڈنز میں پارٹنر ہیں اور لاکھوں کروڑوں مالیت کے پراپرٹی ٹائیکون ہیں،انکو ہنی ٹریپ کا شکار بنایا گیا ہے، لاہور کے ایک معروف صحافی نے ایکس پوسٹ میں لکھا کہ کمشنر راولپنڈی ایک پراپرٹی ٹائیکون ہیں جن کی الرحمان گارڈن میں 1000 سے زیادہ فائلوں کی سرمایہ کاری ہے، کراچی کے ایک سینئر صحافی اور سیاسی تجزیہ نگار نے اسے ایک بڑا واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی اور دیگر سروسز کے بہت سے لوگ ایسے حالات کا سامنا کر رہے ہیں انہوں نے لائیو ٹرانسمیشن میں کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور ان حلقوں میں دوبارہ پولنگ کا مشورہ دیا جہاں ایسے الزامات لگائے گئے تھے، بیان کی صداقت کی جانچ کرنا ابھی باقی ہے کہ چٹھا کا بیان دباؤ میں تھا یا نہیں، سوشل میڈیا پر لیاقت علی چٹھہ کے امریکی ویزے کی فوٹو کاپی بھی گردش کر رہی ہے تاہم اس بارے میں تصدیق کیلئے امریکی سفارتخانے سے رابطے کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی کیونکہ ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے سفارتخانے میں سٹاف موجود نہیں تھا۔