اسلام آباد (صالح ظافر) قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) اور تین بار سابق وزیر اعظم نواز شریف آئندہ ہفتے کے وسط میں اسلام آباد جائیں گے اور اس کے ساتھ ہی یہاں کی سیاسی سرگرمیاں خاص طور پر حکومت سازی کے لیے وفاقی دارالحکومت منتقل ہو جائیں گی۔ نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔ 8 فروری کے انتخابات کے بعد یہ ان کا اسلام آباد کا پہلا دورہ ہوگا۔ مسلم لیگ ن کے باخبر ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ پارٹی سپریمو قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس تک یہاں قیام کریں گے۔ امکان ہے کہ یہ اجلاس 29 فروری کی آخری تاریخ سے تین دن پہلے 26 فروری آخری پیر کو ہوگا۔ نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے قائد سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات بھی اس دن ہوگی جب مسلم لیگ ن کے قائد یہاں ہوں گے۔ دونوں کمیٹیوں کے ایجنڈے کا حتمی اجلاس کل (پیر) کو ہو گا اور امید ہے کہ اس کا مثبت نتیجہ نکلے گا۔ ہفتہ کو بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے اچانک سب سے بڑے پارلیمانی گروپ کے طور پر ابھرنے پر مسلم لیگ ن کے کیمپ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔