اسلام آ باد (آئی این پی ) ملک بھر میں عام انتخابات میں دھاندلی کے معاملے پر رہنما پاکستان تحریکِ انصاف شعیب شاہین نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی کو خط لکھ دیا، انہوں نے خط میں لکھا کہ میں نے 53ہزار ، مخالف نے 51ہزار 613ووٹ لئے، فارم 47میں مجھے ناکام ظاہر کیا گیا۔ خط کے متن میں شعیب شاہین نے بتایا کہ میں نے حالیہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 سے بطور امیدوار حصہ لیا۔ انہوں نے لکھا کہ فارم 45اور دیگر دستاویزی شواہد کے مطابق میں نے 53ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے الیکشن میں کامیابی حاصل کی، میرے مدمقابل امیدوار نے 51ہزار 613ووٹ حاصل کیے، یکطرفہ طور پر فارم 47 میں مجھے ناکام ظاہر کیا گیا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ فارم 45میرے مدمقابل امیدواروں مصطفی نواز کھوکھر، کاشف چوہدری و دیگر پاس بھی محفوظ ہیں، یہ صرف میرے حلقے کی صورتحال نہیں بلکہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں اور پورے پاکستان کے درجنوں حلقوں میں رپورٹ ہو چکی ہے۔ شعیب شاہین نے موقف اختیار کیا کہ انتخابی نتائج کی تصدیق کا عمل صرف 3 دن میں مکمل کیا جا سکتا ہے، موجودہ صورتحال کا سد باب نہ کیا گیا تو ملک میں انارکی پھیل جائے گی۔ خط میں چیف جسٹس سے استدعا کی گئی کہ فارم 45 کی روشنی میں فارم 47 جاری کرنے اور حتمی نتیجہ و نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم صادر فرمایا جائے۔ رہنما پی ٹی آئی کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید استدعا کی گئی کہ نتائج میں ہیر پھر کرنے والے کو قانون کے مطابق سزا دینے کا حکم جاری کیا جائے۔