پشاور(جنگ نیوز)پشاور ماڈل سکول بوائز تھری رنگ روڈ میں بائیسویں یومِ اساتذہ کی سالا نہ ایک پروقار اور سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ اور طلبا کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےپرنسپل صائمہ طلعت نےکہا کہ استاد معاشرے کا ایک اہم ستون ہے جو معاشرے کو درست سمت میں گامزن کرتاہے ۔ایک اعلی تعلیم یافتہ اور تجربہ کاراستاد ہی طلبا کی تعلیمی صلاحیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اپنی تدریس کو بہتر سے بہتر بنا سکتا ہے انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ ان کا مقصد نہ صرف طلبا کو علم کی روشنی سے منور کرنا ہے بلکہ ان کی اخلاقی تربیت بھی کرنی ہے تا کہ وہ پشاور ماڈل سکول جیسے بے مثال ادارے سے فارغ التحصیل ہو کر معاشرے کے ایک ذمہ دار فرد بن سکیں ۔انہوں نے اس موقع پر طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی کے ہر پہلو میں نظم و ضبط کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ نظم و ضبط کی پابندی کامیابی کی ضمانت ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں پی ایم ایس کے ڈائریکٹر محمداسد سیٹھی کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کارلا کر اس ادارے کے اساتذہ کرام کی حوصلہ افزائی اس انداز میں کی کہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق درس و تدریس سے طلبا کی رہنمائی کر رہے ہیں ۔ بعد ازاں انہوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کرام کے علاوہ اس ادارے میں پانچ ، دس ، پندرہ ، بیس اور تیس سال کی خدمات کی تکمیل پر اساتذہ کرام ، انتظامی اُمور ، اکائونٹس کے علاوہ دیگر شعبوں کے افراد میں اسناد تقسیم کیں۔