اسلام آباد (محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) مریم نواز کا پہلا پالیسی بیان، سرکاری ملازمین میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی، پاکستان مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر اورا پنی اکثریتی جماعت کی طرف سے پنجاب کے نامزد وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اپنے اولین بیان میں انہوں نے اتوار کو یہ اعلان کرکے کہ افسران کی سلامتی کو خطرے میں ڈالا گیا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
یوں انہوں نے حلف برداری سے ایک ہفتہ قبل ’’آئرن لیڈی‘‘ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
انہوں نے اسی بیان میں یہ بھی باور کرادیا ہے کہ افسران کی سیکورٹی یقینی بنائیں گے۔
ان کے اس بیان کو تحریک انصاف کے سوشل میڈیا سے سرکاری افسروں کو دھمکانے اور ان کے خلاف مہم کے تناظر میں صوبے کی نئی انتظامیہ کی طرف سے پہلا زور دار انتباہ سمجھاجارہا ہے جس سرکاری ملازمین میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مریم نواز شریف جو پاکستان مسلم لیگ نون کی سینئر نائب صدر بھی ہیں یہ بھی یاد دلایا کہ بیورو کریسی کو دھمکیوں کا مطلب ریاستی نظام میں انتشار پیدا کرنا ہے جس کی کھلی چھوٹ تباہی کو دعوت دیتی ہے۔