اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) بلوچستان میں حکومت بنانے کیلئے ن لیگ بھی سرگرم ہوگئی ہے ،اس سلسلے میں شہباز شریف کو بریفنگ دی گئی ہے .
صدر ن لیگ سے نومنتخب ایم پی اے میر عاصم کرد گیلو کی مُلاقات ،جے یو آئی ، آزاد اور مسلم لیگی نومنتخب ارکان اسمبلی بارے آگا ہ کیا.
گذشتہ روز شہباز شریف سے نومنتخب ایم پی اے میر عاصم کرد گیلو نے ملاقات کی، ایک گھنٹے سے بھی زائد وقت تک جاری ملاقات میں بلوچستان کے میگا پراجیکٹس، صحت تعلیم ، سی پیک، امن وامان، جیسے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی، سی پیک کے نامکمل منصوبوں کو مکمل کرنے جیسے معاملات کا جائزہ بھی لیا گیا، میر عاصم کرد گیلو نے شہباز شریف کو بلوچستان میں،حکومت سازی کے سلسلے میں جے یو آئی ، آزاد اور اپنی جماعت کے نومنتخب ارکان بارے آگا ہ کیا،شہباز شریف نے رابطوں کو مزید تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملک بلخصوص بلوچستان کی فلاح ، بہبود کیلئے تندہی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ادھر مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ (ن) لیگ انتخابات میں سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کرکے بلوچستان کی اکثریتی پارلیمانی پارٹی بن چکی ہے اور حکومت کو لیڈ کرے گی.
حکومت سازی کے لئے 7رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کرے گی، نو منتخب پارلیمانی اراکین کے اجلاس کی صدارت کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسروں سے مل کر چلنے میں کوئی حرج نہیں ، حکومتسازی کے حوالے سے سیاسی جماعتوں اور آزاد اراکین سے رابطے جاری ہیں۔