راولپنڈی(نمائندہ جنگ)پنجاب کی نامزد وزیر اعلی مریم نواز نے صوبہ کو سنبھالنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ مختلف سرکاری محکموں سے بریفنگ لینے کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے،چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری صحت علی جان نے مریم نواز کو بریفنگ دی ،بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان ۔سب سے پہلےچیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری صحت علی جان نے مریم نواز کو بریفنگ دی۔جمعہ کر سیکرٹری سی این ڈبلیو، سیکرٹری ایکسائز،اور محکمہ تعلیم کے دونوں سیکرٹریوں نے نامزد وزیر اعلی کو بریفنگ دیں۔آج مزید محکموں کے سیکرٹری بریفنگ دیے گے۔جس کے بعد نئی حکومت کیلئے ورکنگ پالیسی سازی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے منتخب ارکان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا جائیگا۔ جو 29فروری سے قبل لازمی ہونا ہے۔جس کے بعد مریم نواز کوباضابطہ وزیر اعلی پنجاب منتخب کیا جائیگا اور پنجاب میں نئی حکومت تشکیل دی جائے گی۔صوبائی کابینہ میں شمولیت کیلئے راولپنڈی سے منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے لابنگ شروع کردی ہے۔ادھر نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی پنجاب کی بیورو کریسی میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق لسٹیں تیار کی جارہی ہیں ۔ن لیگ کی سابقہ حکومت میں اہم عہدوں پر فائز افسران کو ترجیح دی جائے گی ۔