• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کالعدم کرنے کی درخواست واپس لینے پر چیف جسٹس برہم

اسلام آباد(رپورٹ،رانامسعود حسین ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے الیکشن کالعدم کرنے کی درخواست واپس لینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار نے اپنے مقاصد کیلئے عدالت کو استعمال کیا ، کیا یہ محض تشہیر کیلئے دائر کی گئی تھی؟ کسی کو ملک کا مذاق بنانے نہیں دینگے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے ’’عام انتخابات کے نتائج کو کالعدم قرار دینے اور عدلیہ کی نگرانی میں نئے انتخابات کے انعقاد‘‘ سے متعلق دائر کی گئی آئینی درخواست کی ایک روز بعد واپسی کے حوالے سے دائر کی گئی متفرق درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کی عدم حاضری پر سوالات اٹھاتے ہوئے درخواست گزار بریگیڈیئر ریٹائرڈ علی خان کووزارت دفاع اور متعلقہ ایس ایچ او کے ذریعے نوٹسز کی تعمیل کروانے کا حکم جاری کیا جبکہ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ہیں کہ عام حالات میں کوئی بھی درخواست گزار اپنی درخواست واپس لینے کا مجاز ہوتا ہے لیکن زیر غور کیس میں درخواست گزار نے حالات کا فائدہ اٹھانے اور اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے عدالت کو استعمال کیا ، کیا یہ محض تشہیر کیلئے دائر کی گئی تھی؟ عدالت اس طرح کسی کو ہیرا پھیری کرنے کی اجازت نہیں دے گی؟ چیف جسٹس نے درخواست گزار کے طرز عمل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ یہ صاحب جہاں بھی ہیں انہیں عدالت پیش کریں ،صرف شہرت حاصل کرنے کیلئے درخواست دائر کی اورپھر غائب ہوگئے ؟ اس درخواست کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کا مذاق بنادیاگیا،ہم کسی کو اس طرح ملک کا مذاق بنانے نہیں دینگے،سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی،اس پر چینلوں اور اخبارات میں خبریں لگوائیں اور پھر عدالت میں پیش ہی نہیں ہو رہے، ایسا نہیں چلے گا،درخواست گزار کی عدم موجودگی میں ہم یہ درخواست واپس نہیں کرینگے، کل کلاں یہی صاحب آکر کہیں گے میں نے تو درخواست واپس ہی نہیں لی تھی،ہم درخواست کو سنیں گے۔

اہم خبریں سے مزید