کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ انتخابات کے جعلی نتائج کو کالعدم قراردے کر سوموٹو ایکشن لیں اور فارم 45کے مطابق نتائج جار ی کیے جائیں،عدالتی کمیٹی قائم کر کے کراچی کے ایک ایک پولنگ بوتھ کا فارنزک آڈٹ کیا جائے اور جو لوگ بھی اس کے ذمہ دار ہیں انہیں فکس کیا جائے،اگر صرف فارم 45کو بنیاد بناکر جعلی فارم 47کا موازنہ کیا جائے تو پوری قوم کے سامنے انتخابات کی حقیقت کھل جائے گی، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تحت 24فروری ہفتہ کے دن نمائش تا ایم اے جناح روڈ ”جعلی نتائج نامنظور“ریلی نکالی جائے گی،ہم انٹرمیڈیٹ کے گیارہویں جماعت کے نتائج پر بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ اوراس میں تمام نشاندہیوں کو صحیح سمجھتے ہیں،اس میں جن لوگوں کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اس میں سے صرف ایک کو معطل کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمنٰ نے مزیدکہاکہ انتخابات کے موقع پر مسئلہ فلسطین پیچھے دھکیل دیا گیاہے ، ہم اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعہ 23فرو ری کو شہر بھر میں ”یکجہتی فلسطین مظاہرے“کریں گے۔