لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے نگران حکومت کی جانب سے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائی کورٹ نے ادویات کی قیمتیں فارماسوٹیکل کمپنیز کو مقرر کرنے کا اختیار دینے کا نوٹیفکیشن معطل کرتےہوئے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکنے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے لاہور کے شہری محمد اسلم کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ندیم سرور ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، درخواست میں وفاقی حکومت، ڈریپ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ کابینہ نے ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار ڈریپ سے لے کر فارماسوٹیکل کمپنیز کو دے دیا ہے، نگران کابینہ کے پاس یہ اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے موقف اپنایا کہ فارماسوٹیکل کمپنیز من مانے ریٹس پر ادویات فروخت کر کے عوام پر بوجھ ڈالیں گی۔