شب برأت کے موقع پر اکثر خواتین طر ح طر ح کے حلوے بنانے کا اہتمام کرتی ہیں۔ آپ کی آسانی کے لیے اس ہفتے ہم چند حلوں کی تراکیب بتا رہے ہیں۔ ان پر عمل کر کے مزیدار حلوے بنا ئیں اور ان کی لذت سے سب کو دوبالا کریں۔
چنے کی دال کا حلوہ
اجزا: چنے کی دال ایک پاؤ، گھی آدھی پیالی ،چینی ایک پائو ،چھوٹی الائچی 3 عدد ،کھویا ایک پاؤ ، بادام (باریک کٹے ہوئے ) آدھا کپ، پستے (باریک کٹے ہوئے ) ایک چوتھائی کپ۔
ترکیب: دال کو 6 سے 8 گھنٹے پانی میں بھگوکر رکھ دیں، اس کے بعد پانی نکال کر دال کو فوڈ پراسسر میں اچھی طرح پیس لیں،پھر دال کو ہلکی آنچ پر رکھ کر دیں اور وقفے وقفے سے دودھ شامل کرتے ہوئے چمچہ ہلاتی رہیں ۔جب دودھ بھاپ بننا شروع ہو جائے تو تیل ،سبز الائچی اور حسب ِذائقہ چینی شامل کر دیں۔ اب چمچہ چلاتے رہیں اور اس وقت تک تیل شامل کرتی رہیں جب تک گاڑھا پن نہیں آجائے۔
جیسے جیسے آپ اس آمیزے کو ہلاتی رہیں گی تو اس کا رنگ گولڈن بر ائون ہونا شروع ہو جائے گا۔ مسلسل چمچہ چلاتی رہیں اور اگر ضرورت ہوتو مزید تیل شامل کرلیں، بعد ازاں آمیزے سے تیل آہستہ آہستہ اور بتدریج الگ ہونا شروع ہو جائے گا۔ چمچے کو اس وقت تک چلاتے رہیں جب تک تیل الگ نہیں ہو جائے اور حلوے کا رنگ سنہری نہ ہو جائے۔ حلوا تیار ہونے کے بعد ٹرے میں پھیلا کر خشک میوے سے سجا کر پیش کریں۔
سوجی کا حلوہ
اجزا: سوجی ایک کپ،چینی ایک کپ،پانی 2 کپ ،گھی یا تیل حسب ِضرورت۔
ترکیب: سوجی باریک چھلنی سے چھان کر صاف کر لیں، دیگچی میں پانی گرم کر کےاس میں بادام بھگو دیں اور ان کا چھلکا اتار کرباریک باریک کاٹ لیں۔دیگچی میں گھی یا تیل ڈالیں اور اس میں ا لائچی کے دانے ڈال کر ہلکی آ نچ پر بھون لیں، جب الائچی کے دانے براؤن ہو جائیں تو اس میں سوجی ڈال کر بھونیں، بھوننے کے دوران چمچہ برابر چلاتی رہیں تاکہ سوجی یکساں بھنے اور جلے نہیں۔
جب سوجی کا رنگ ہلکا براؤ ن ہوجائے اور اس میں سے بھنی ہوئی سوجی کی خوشبو آنے لگے تو اس میں آدھا میوہ ڈال دیں اور چمچے سے ملالیں ،پھر اس میں چینی شامل کرکے چمچے سے ہلائیں۔ جب چینی پگھلنے لگے تو اس میں تین پیالی پانی شامل کرکے تیز آ نچ پر پکائیں، جب پانی خشک ہو جائے اور حلوہ دیگچی کے کنارے چھوڑنے لگے تو دیگچی کو چو لہے سے اتار لیں۔ حلوہ تیار ہے، گرم گرم حلوہ نکال لیں اور باقی میوہ جات ڈال کر پیش کریں۔