• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈوسن کی سنچری بھی لاہور قلندرز کی قسمت نہ بدل سکی، پانچویں شکست

لاہور (اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) روسی ون ڈر ڈوسن کی شاندار سنچری بھی لاہور قلندرز کی قسمت نہ بدل سکی۔ پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 212رنز کا ہدف دیا جو کہ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں کسی بھی ٹیم کی طرف سے بنائے گئے سب سےزیادہ رنز ہیں۔ پشاور نے چار وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ جواب میں قلندرز 6 وکٹ پر 203 رنز بناسکے۔ یہ ان کی لیگ میں پانچویں شکست ہے۔ ڈوسن نے ناٹ آؤٹ 106 رنز بنائے کوئی اور بیٹر ان کا ساتھ نہ دے سکا۔ صاحبزادہ فرحان 15، شائے ہوپ 29، احسن حفیظ 20 رنز بناسکے۔ فخر زمان ایک مرتبہ پھر اچھی کار گردگی دکھانے میں ناکام رہے، وہ صرف چاررنز بنا کرلیوک ووڈ کا شکار بنے۔ آخری اوور میں لاہور کو جیتنے کیلئے 18 رنز درکار تھے لیکن پال والٹر کے اوور میں 9رنز بنے۔ قبل ازیں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے زلمی کے اوپنرز بابر اعظم اور صائم ایوب نے چوکوں چھکوں کی برسات کرکے غلط ثابت کردیا۔ انہوں نے 14.2 اوورز میں 136 رنز کا زبردست آغاز فراہم کیا۔ بابر اعظم شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 48 رنز بنائے۔ صائم ایوب 88 رنز بن کر شاہین شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ شاہین آفریدی نے 33 رنز دے کر تین اور جہانداد خان نے ایک وکٹ لی۔

اسپورٹس سے مزید