کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان مبشر ہاشمی کے سوال مریم نواز کے بطور وزیراعلیٰ پہلے خطاب کو ریٹ کریں؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ مریم نواز نے پیغام دیا کہ عورت ہونا کمزوری نہیں طاقت ہے.
مریم نواز کا وزیراعلیٰ پنجاب بننا موروثی سیاست کا ایک کارنامہ ہے، ساری جمہوریت ہاؤس آف شریف میں سمٹی ہوئی ہے، پروگرام میں تجزیہ کار محمل سرفراز،ارشاد بھٹی،سلیم صافی اور عمر چیمہ نے اظہار خیال کیا۔
محمل سرفراز نے کہا کہ مریم نوا ز کی بطوروزیراعلیٰ پنجاب پہلی تقریر بہت اچھی تھی، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کا وزیراعلیٰ بننا بہت اہم بات ہے.
مریم نواز نے پیغام دیا کہ عورت ہونا کمزوری نہیں طاقت ہے، لاہور کے واقعہ میں بھی خاتون اے ایس پی نے جس طرح بروقت دلیری کے ساتھ ایک خاتون کی مدد کی انہیں جتنا سراہا جائے کم ہے،خواتین کا اہم عہدوں او ر فیصلہ ساز پوزیشنز میں ہونا بہت اہم ہے.
مریم نوا ز نے واضح کردیا کہ وہ انتقام کی سیاست نہیں کریں گی،مریم نواز کو پنجاب میں میں ماحولیاتی تبدیلی پر کام کرنا ہوگا۔ ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا وزیراعلیٰ پنجاب بننا موروثی سیاست کا ایک کارنامہ ہے، ساری جمہوریت ہاؤس آف شریف میں سمٹی ہوئی ہے.
راجہ رنجیت سنگھ کے بعد پنجاب میں سب سے لمبی حکمرانی ہاؤس آف شریف کی ہے، یہ مریم نوا ز کے پہلے چانس کے ساتھ پنجاب میں ن لیگ کا آخری چانس بھی ہوسکتا ہے، مریم نواز خود بھی نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتی رہی ہیں اور اسے بڑھاوا دیتی رہی ہیں.
مریم نواز نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنی تقریر میں انتقامی سیاست کی نفی کی کیا وہ اس پراپنے دور میں عمل کرکے دکھائیں گی، چوری شد ہ مینڈیٹ پر احتجاج مریم نواز کیلئے بڑا چیلنج ہوگا، مریم نواز نے اسمبلی میں آتے ہوئے جس طرح عظمیٰ کاردار کا بازو پکڑ کر جھٹکا آئندہ احتیاط کریں۔