کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور اور ملتان کے بعد پاکستان سپر لیگ نائن کا میلہ بدھ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہورہا ہے۔ کراچی کنگز بدھ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ کھیلے گی۔ کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ اپنے شہر میں کھیلنے کیلئے کافی پرجوش ہیں، اچھی ٹیم وہ ہوتی ہے جو اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہے اور ہماری ٹیم نے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ مجھے اچھا آغاز مل رہا ہے لیکن میں اس کو آگے نہیں بڑھا پارہا، جب میری پرفارمنس آئے گی تو ٹیم کو اور بھی فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کا اپنی فیملی کو بھی منع کردیا ہے، پی ایس ایل میں سب کھلاڑی ٹکٹ کی وجہ سے پریشان ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کو کیرون پولارڈ جیسی بہترین انفرادی اننگز کی ضرورت ہے ۔ اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے سے ٹیم کی کارکردگی پر فرق پڑتا ہے۔ کراچی کی پچ کا کوئی اندازہ نہیں ۔