• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے ایس پی شہر بانو نقوی اہل خانہ سمیت شاہی مہمان کی حیثیت سے سعودی عرب کا دورہ کریں گی

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس سیدہ شہربانو نقوی اور ان کے اہل خانہ کے شاہی مہمان کی حیثیت سے دورہ ریاض کا اہتمام کریں گے ۔ 

یہ اقدام ان کے ہیروئک اقدام کے بعد کیا گیا ہے جس میں انہوں نے لاہور کی اچھرہ مارکیٹ میں ایک خاتون کو پرتشدد ہجوم سے بچایا۔ 

سعودی سفیر سے رابطہ رکھنے والے ایک ذریعے نے دی نیوز اور جیو کو بتایا کہ پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے یہ بات اے ایس پی سید شہربانو کو اس وقت بتائی جب وہ اپنے اعزاز میں سعودی سفیر کی جانب سے سعودی سفارتخانے میں ملاقات کےلیے آئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سعودی سفیر نے نوجوان پولیس افسر کی جرات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ سعودی حکومت انہیں اور ان کے اہل خانہ کے دورہ سعودی عرب کے تمام اخراجات برداشت کرے گی اور وہ شاہی مہمان ہوں گے۔

سعودی سفیر نے ان کی بے غرض لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل آرمی چیف نے بھی اے ایس پی سے ملاقات میں انہیں خراج تحسین پیش کیاتھا۔ آئی جی پولیس نے سفارش کی ہے کہ سیدہ شہربانو نقوی کو قائد اعظم میڈل دیاجائے۔

اہم خبریں سے مزید