لاہور، فورٹ عباس(خصوصی نمائندہ،نامہ نگار)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے پانچ سالہ ہیلتھ سسٹم میں مرحلہ وار اصلاحات کی منظوری دے دی۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل خصوصی اجلاس میں ہیلتھ سسٹم کی تشکیل نو،محکمہ صحت کی اپ گریڈیشن کے پانچ سالہ پلان پر غور اور سسٹم کی اصلاح کا جائزہ لیا گیا ،وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کوئی ہسپتال ایسا نہ ہو جہاں ڈاکٹر، عملہ ادویات اور مطلوبہ طبی آلات میسر نہ ہوں ،شفافیت یقینی بنانے کیلئے ہیلتھ ایڈوائزری کونسل تشکیل دینے کا حکم د یتے ہوئے کہاہیلتھ ایڈوائزری کونسل میں سرکاری حکام،پروفیشنلز اور عوامی نمائندے شامل ہوں گے۔وزیراعلی نے بی ایچ یو اور آر ایچ سی کی اپ گریڈیشن اور تعمیر وبحالی کا پلان بھی طلب کر لیا۔ بی ایچ یو اور آر ایچ سی کا بیرونی اور اندرونی ڈیزائن یکساں رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو 2ہفتے میں بی ایچ یو اور آر ایچ سی کے موک ڈیزائن پیش کریں ، عوام کو مفت ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی منظوری بھی دے دی۔ہر ضلع میں ہارٹ، کینسراوردیگر بیماریوں کے علاج کے لئے میڈیکل سنٹرکے قیام کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا ،صحت کی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کا پلان طلب کر لیا۔ فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کے تحت سب اربن ایریا اور دیہات میں مقررہ ایام پر موبائل ہیلتھ یونٹ بھیجیں جائیں گے۔