• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق رکن قومی اسمبلی بابر نواز نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار عمر ایوب کی اہلیت کو چیلنج کردیا

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) ہری پور سے قومی اسمبلی کے سابق رکن بابر نواز نے وزارت عظمیٰ کے لئے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب کی اہلیت کو چیلنج کردیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ وہ دھوکہ دہی سے قومی اسمبلی کے رکن بنے ہیں جس کی بنا پرانہیں وزارت عظمیٰ کا امیدوار تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل سیدطاہر حسین کو اطلاع دی ہے کہ عمر ایوب خان کے خلاف ان کی درخواست الیکشن کمیشن نے 14 مارچ کو سماعت کے لئے مقرر کردی ہے جسے وہ ان شواہد سےآگاہ کرچکے ہیں جن کی بنیاد پر ان کے حریف قومی اسمبلی میں اجنبی ہیں انہیں اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کی اجازت بھی نہیں ہونی چاہئے تھی۔ بابر نواز جنہوں نے ہری پور ہزارہ سے عمر ایوب کے مقابلے میں قومی اسمبلی کے انتخاب میں حصہ لیا تھا یہ اطلاع بھی دی ہے کہ عمر ایوب نے ایسے مرحوم رائے دہندگان کے ووٹ بھی اپنی حمایت میں ڈلوائے جو عرصہ ہوا دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں اس بار ےمیں تمام ثبوت پیش کردیئے گئے ہیں۔ سید طاہر حسین وزیراعظم کے انتخاب کے لئے ریٹرننگ افسر ہیں جن کے روبرو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پیش ہوئے اور وہی ان کے بارے میں اعتراضات سننے کے مجاز ہیں پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور حکمران اتحاد کے متفقہ امیدوار شہباز شریف کے وزارت عظمیٰ کے لئے کاغذات نامزدگی پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے اعتراض وارد کئےتاہم ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے ہیں مسلم لیگ نون کے آئینی ماہرین نے واضح کردیا تھا کہ وہ اپنے مخالف امیدوار کی اہلیت اور اس کے کاغذات نامزدگی پراعتراض نہیں اٹھائیں گے۔ بابر نواز نے ’’جنگ‘‘کے خصوصی سنٹرل رپورٹنگ سیل کو ہفتے کی شب بتایا ہے کہ وہ اپنے قانونی معاونین حافظ احسان احمد کھوکھر اور ضیاء الرحمٰن کے ذریعے وہ تمام دستاویزات اتوار کی صبح تک پہنچا دیں گے جنہیں عمر ایوب کے خلاف بطور امیدوار اعتراضات کی بنیاد بنایا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید