• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صاف ستھرا پنجاب مہم میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی، کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ ”صاف ستھرا پنجاب“ کے ویژن پر عمل درآمد کیلئے کسی بھی افسر یا اہلکار کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ آر ڈبلیو ایم سی کی مشینری اور وسائل کی کمی کو دور کرنے کے علاوہ دائرہ کار کو بڑھانے کیلئے فوری سمری بھیجی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران کیا۔اس موقع پر چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ثاقب رفیق و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر نے کمیٹی چوک انڈر پاس، وارث خان سرکل روڈ اور اتوار بازار، کمیٹی چوک ڈمپنگ پوائنٹ کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی کے عمل کا جائزہ لیا اور گوالمنڈی پل پر بارشی پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں میں نکاسی آب کے بروقت اقدامات یقینی بنائیں اور کہیں بھی بارشی پانی کے کھڑے رہنے کی شکایت نہ ہو۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر صدر کو ہدایت کی کہ شہری یونین کونسلوں کے لئے تین دن کے اندر الگ الگ ٹرانسفر پوائنٹس کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں محض ایک ٹرانسفر سٹیشن ہے جو صفائی کو قائم رکھنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ الگ الگ ٹرانسفر سٹیشنوں سے ٹرانسپورٹ کاسٹ میں کمی اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی مہم پر خصوصی طور پر توجہ، موصول شدہ شکایات کو فوری حل کیا جائے۔ صفائی کے حوالے سے شہر کی زوننگ کی جائے۔ زون وائز صفائی میں آسانی پیدا ہوگی اور اس سے صفائی کے معیار بھی بہتر ہوگا۔ صاف ستھرا پنجاب مہم 31مارچ تک جاری رہے گی۔ ستھرا پنجاب مہم کے تحت کھلی جگہوں سے کوڑے کے ڈھیر مکمل طور پر ختم کر دیئے جائیں گے ۔ مہم کے دوران سبزی منڈیوں مارکیٹوں، بس ٹرمینلزاور قبرستانوں کو کوڑا کرکٹ سے پاک کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب ماہ صفائی مہم کیلئے راولپنڈی اور اس کی تحصیلوں میں صفائی آپریشن کا پلان مرتب کر کے ورکرز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں، ورکرز شہر کو زیرو ویسٹ کرنے کا ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے بھرپور صفائی کریں ۔گلیوں،محلوں سڑکوں کو مینوئل اور مکینیکل سوئیپنگ اور واشنگ کے ذریعے صاف کیا جائے، اوپن پلاٹوں،قبرستانوں میں جھاڑیوں،جڑی بوٹیاں تلف کر دی جائیں۔ پنجاب بھر میں یو سی کی سطح پر آگاہی کیمپ لگائے جائیں گے ۔گھر گھر جا کر لوگوں کو صفائی سے متعلق آگاہ کیا جائیگا ۔سب امور کی تکمیل کے لئے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ اور ریویو میٹنگز ہوں گی۔دریں اثناءکمشنر راولپنڈی ڈویثرن انجینئیر عامر خٹک کے زیر صدارت ڈیزاسٹر منیجمنٹ اجلاس بھی ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈی سی مری، ایڈیشنل کمشنر(کوارڈ نیشن)، ایم ڈی واسا و د یگر متعلقہ افسران شریک تھے۔کمشنر نے راولپنڈی میںرین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام افسران و اہلکاروں کی چٹھیاں منسوخ کرکے ‏‎نالہ لئی کے اطراف کو تجاوزات سے فوری پاک کرنے کے احکامات جاری کئے۔کمشنر کا کہنا تھا کہ 1122 ارلی وارننگ سسٹم کو موثر وفعال رکھا جائے۔