کو ئٹہ (اسٹاف رپورٹر)صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ نے گوادر اور خاران میں سیلاب سے مالی و جانی نقصانات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان مشکل کی اس گھڑی میں گوادر اور خاران کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، تمام ینگ ڈاکٹرز گوادر میں اپنی رضاکارانہ خدمات پیش کرنے کیلئے تیار ہیں، تمام ڈاکٹر تنظیموں ، این جی اوز، سیاسی جماعتیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کریں، نو منتخب حکومت بلوچستان سے اپیل کرتے ہیں کہ گوادر اور خاران کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور ایمرجنسی بنیادوں پر ریلیف پیکج کا اعلان کرے، آئیں مل کر ان سخت حالات میں گوادر اور خاران کے عوام کا ہاتھ تھام کر بھائی چارے کا ثبوت دیں، حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت ینگ ڈاکٹرز کی رضاکارانہ ٹیموں کو ادوایات فراہم کرے تاکہ ہم جلد سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کریں۔ قدرتی آفات میں سب سے زیادہ صحت کی سہولتوں کا فقدان ہو جاتا ہے اور وہاں کے لوگوں میں مختلف وبائیں پھوٹ پڑتی ہیں ، بہت جلد ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن بلوچستان کی میڈیکل ٹیمیں گوادر اور خاران روانہ کر دی جائیں گی جو وہاں کے لوگوں کو سیلاب کی وجہ سے پیش انے والے صحت کے مسائل کا علاج کریں گے۔