کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما تحریک انصاف ،اسد قیصر نے کہا ہے کہ کمال دیکھیں کہ کس طرح آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔کس طرح آئین و قانون کو پامال کیا جارہا ہے۔وہی لوگ کررہے ہیں جواداروں میں بیٹھے ہیں ۔اس وقت بڑے عہدوں پر چھوٹے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں،سینئر رہنما مسلم لیگ ن، احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کے بانی کی حماقتوں پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔وہ حماقتیں کرکے اپنا نقصان اور ہمیں فائدہ پہنچا رہے ہیں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت آنے کے بعدسب سے زیادہ سوال معیشت کے مستقبل کے حوالے سے ہورہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اٹھانے کے بعدپہلا اجلاس ہی معاشی صورتحال کے حوالے سے کیا ہے۔وزیراعظم نے معاشی صورتحال کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پرلائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔سینئر رہنما تحریک انصاف ،اسد قیصر نے کہا کہ کمال دیکھیں کہ کس طرح آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔کس طرح آئین و قانون کو پامال کیا جارہا ہے۔وہی لوگ کررہے ہیں جواداروں میں بیٹھے ہیں ۔اس وقت بڑے عہدوں پر چھوٹے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔اسی الیکشن کمیشن نے باپ پارٹی کو نشستیں دی تھیں۔یہاں ایک ملک ہے دو دستور ہیں ۔ ملک بنانا ری پبلک بن گیا ہے ۔ہم سب دروازے کھٹکھٹائیں گے ہمارے پاس اور کیا آپشن ہے؟ہمارے ساتھ جو ظلم و جبر ہوا ہے نظام کی اصل شکل سامنے آگئی ہے۔لوگوں کو پتہ چلا ہے کہ عدالتوں کی کیا پوزیشن ہے دیگر اداروں کا کتنا رول ہے۔آئینی بالادستی، قانونی حکمرانی کے لئے اسمبلی میں اور عوام میں جدوجہد کریں گے۔ پاکستان میں تمام انتخابات میں دھاندلی ہوتی رہی ہے۔اس الیکشن میں کوئی شرم و حیا بھی نہیں رکھی گئی۔دھاندلی پہلے بھی ہوئی لیکن جو اس بار ہوا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ہم پلان بنا رہے ہیں دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کررہے ہیں۔کراچی میں قومی اسمبلی کی15 سیٹیں تحریک انصاف کے امیدوار جیتے ہیں۔اگر یہی صورتحال رہی تو سمجھیں ملک میں جمہوریت ختم ہے۔ووٹ دینے والے نہیں ووٹ گننے والے اہم ہیں تو ملک کس طرف جائے گا؟سب سے پہلے ہم نے اس نظام کو تبدیل کرنا ہے۔پارٹی سے کہوں گا سوچے کہ نگراں حکومت ہونی ہی نہیں چاہئے۔فارم45 کے مطابق جو ہمارا حق ہے وہ ہمیں دیا جائے۔بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ فتح مکہ ماڈل پر سب کو معاف کردوں گا۔ لوگوں نے ووٹ پی ٹی آئی کو دیا وزیراعظم شہباز شریف بن گئے۔کیا اس صورتحال میں ہم خاموش بیٹھیں کیا ہم اپنے حق سے واپس جائیں ۔