اسلام آباد (صالح ظافر) امریکا نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی ہے۔ پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امریکا باہمی دلچسپی کے امور پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔ قبل ازیں سفیر نے یہاں ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور تقریب کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔ سفیر سے نگراں وزیراعظم سے منتخب وزیراعظم کی جانب سے چارج لینے پر تبصرے کیلئے کہا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ فی الحال وہ تبصرہ نہیں کریں گے۔ بعد ازاں ان کا پیغام سوشل میڈیا پر سامنے آیا۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف سچے دوست اور بھائی ہیں، میں انہیں باوقار عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔