کراچی(نیوزڈیسک)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی صدر ناز آفرین سہگل لاکھانی اور سیکرٹری جنرل سرمد علی نے میاں شہباز شریف کو وزیرِ اعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے،اے پی این ایس کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف نے اپنے پہلے دورِ حکومت کے اختتام پر اخبارات کے سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر بدقسمتی سے ضابطہ کی کاروائی مکمل نہ ہونے کی بناء پر عمل درآمد نہیں ہوسکا ، امید ہے کہ ان کی قیادت میں حکومت پاکستان میڈیا سمیت تمام شعبوں میں بہتری اور ترقی کیلئے کوشاں رہے گی۔ انہیں یقین ہے کہ نئی حکومت قانون کی حکمرانی ، شہریوں اور میڈیا کے حقوق، عوام کو حاصل آئینی آزادیوں اور عام شہریوں تک معلومات کی رسائی کے حق کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے وزیرِ اعظم سے درخواست کی کہ اس فیصلہ پر عمل درآمد کے احکامات جاری فرمائیں۔