• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی اخراجات میں کمی، وزیراعظم نے جامع سفارشات طلب کرلیں

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے معاشی نظام کی مجموعی اصلاح اورحکومتی اخراجات میں بڑی کمی لانے کے لئے جامع سفارشات طلب کرلی ہیں اور ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور آٹو میشن کے عمل کے فوری آغاز کی ہدایت کی ہے جس کی نگرانی وہ خود کریں گے۔

 وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے لئے دنیا کا بہترین ماڈل اپنایاجائے اور اس ضمن میں بہترین خدمات کے فوری حصول کے امکانات کا جائزہ لیاجائے تاکہ ایف بی آرنظام میں شفافیت ہو، ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہو، ٹیکس چوری ، کرپشن ، سمگلنگ کا خاتمہ ہو اور خودکار نظام کے ذریعے عوام اور کاروباری برادری کے لئے آسانیاں لائی جائیں۔

بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران اور ٹیکس دینے والے ہیروز کی پزیرائی ہو اور کالی بھیڑوں کو سزاملے۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز دورہ گوادر کے فوری بعد وزیراعظم ہاؤس میںمنعقدہ اعلی سطحی اجلاس کے دوران دی ۔ 

اجلاس کو چئیرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے ٹیکس وصولیوں میں اضافے، ایکسپورٹرز کو ری فنڈ کی ادائیگی، ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے، ٹیکس چوری، ادارہ جاتی کرپشن، انسداد سمگلنگ، آٹو میشن اور معیاری خدمات کی فراہمی پراقدامات سے آگاہ کیا۔ 

وزیراعظم نے ایف بی آر کی بریفنگ پر عدم اعتماد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن اور آٹو میشن کا عمل فوری طورپر جدید خطوط اور دنیا میں موجود بہترین ماڈلز کی بنیاد پر بنایا جائے اور اس ضمن میں بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ یہ پاکستان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

 انہوں نے کہاکہ ماضی میں جو ہوگیا، اس سے ہم سبق سیکھ کر آگے بڑھیں۔ رونے دھونے سے کچھ نہیں بدلے گا۔ ہمیں چیلنج قبول کرتے ہوئے ادھار کی زندگی سے نجات حاصل کرنے کی راہ اختیار کرنا ہوگی۔ ملک کو درپیش حالات کے سب ذمہ دارہیں جبکہ قابل اور اچھے لوگ بھی ہر جگہ موجود ہیں ۔ 

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ آج ہم نے محنت سے درست راستے پر سفر شروع کیا تو جلد ہی خوش حالی اور کامیابی کی منزل سے ہم کنار ہوں گے، ان شاءاللہ، وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ لائق، ایماندار اور پیشہ وارانہ قابلیت رکھنے والے افسران کو انعام دیں گے اور تحسین کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید