اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے منگل کے روزملاقات کی اور وزیراعظم کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، پی پی وفد نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی بھی موجود تھے۔وفد نے وزیراعظم کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آصف علی زرداری نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔