• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم غیر آئینی ہے تو صدر سے پوچھیں حلف کیسے لیا، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما مسلم لیگ ن ، احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم غیر آئینی ہے تو صدر سے پوچھیں انہوں نے حلف کیسے لیا،رکن قومی اسمبلی سنی اتحاد کونسل، شاندانہ گلزار خان نے کہا کہ مخصوص نشستیں جو چھینی گئی ہیں اس کے لئے ہم اتوار کو پر امن احتجاج کریں گے،ایک ایک فارم45 کے پیچھے میں خود گئی ہوں۔ہم نے اسی رات فارم45 اپ لوڈ کردیئے تھے۔ایسی دھاندلی ہوئی کہ اس پر امریکا بھی چیخ پڑا، میزبان حامد میرنے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت ہلاکو خان نے بغداد کا محاصر کیا ہوا تھا تو اس وقت بغداد کے بڑے بڑے چوک اور چوراہوں پر علماء کی بحثوں کا موضوع یہ تھا کہ کوا حلال ہے یا حرام ۔پھر جو ہلاکو خان کے ہاتھوں بغداد کا ہواوہاں کھوپڑیوں کے مینار بنا دیئے گئے تھے۔جب کوئی قوم فکری زوال کا شکار ہوتی ہے تو اس میں تنگ نظری آجاتی ہے اور وہاں پر فضول بحث مباحثے شروع ہوجاتے ہیں۔کیاہم واقعی فکری تنگ نظر ی اور زوال کا شکارہوچکے ہیں۔ سینئر رہنما مسلم لیگ ن ، احسن اقبال نے کہا کہ میرے پیٹ میں وہ گولی ہے جو نفرت کی بناء پر مجھے ماری گئی۔ میرا اس نوجوان سے کوئی لینا دینا نہیں تھا اس کے دماغ میں یہ نفرت سوشل میڈیاکے ذریعے ڈالی گئی۔ہم اس وقت جو معاشرے میں نفرت انگیزی پھیلا رہے ہیں ہمارے ہاں عدم برداشت جس سطح پر پہنچ گئی ہے ۔سیالکوٹ، جڑانوالہ جیسے کئی واقعات ہیں۔اچھرہ میں ایک بہادر پولیس آفیسر نے ہمت کی اور اس خاتون کو ریسکیو کیا۔ایک خاتون نے ایک لباس پہناہے مشرق وسطیٰ میں عام برانڈ کے طو رپر چل رہا ہے ۔ہم لوگوں نے کیوں کہ عربی میں کوئی بات لکھی ہوئی ہے اس کو سمجھا کہ قرآن مجید کی آیت ہے ۔ ہم اس خاتون کی جان لینے کے درپے ہوگئے ۔ قرآن بھی کہتا ہے کہ تم تک جب کوئی اطلاع پہنچے تو اس کی تحقیق کرلیا کرو۔علماء کو آگے آنا پڑے گااور فکری سطح پر ایک نشاۃثانیہ کی ضرورت ہے۔جب آپ نے قومی اسمبلیوں اور صوبائی اسمبلیوں میں حلف لے لیاآپ نے8 فروری کے نتائج کو تسلیم کرلیا۔جب آپ نے نتائج تسلیم کرلئے تو الیکشن ختم ہوگئے۔
اہم خبریں سے مزید