کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے پاکستان کے صوبے پنجاب میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کو ’پاکستانی سیاست میں سنگ میل‘ کہا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ملک کی سیاست میں خواتین کی شمولیت پر زیادہ وسیع طور پر کام کرنے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔‘ ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’پہلے بھی کہہ چکے ہیں ہم پاکستان کے ساتھ اپنے طویل اتحاد کی اہمیت سے آگاہ ہیں اور اس پارٹنرشپ کی قدر کرتے ہیں۔ ایک مضبوط، مستحکم اور جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لئے نہایت اہم ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ معیشت میں، بشمول پاکستان امریکا ویمن کونسل، سول سوسائٹی اور دیگر فیصلہ سازی کے شعبوں میں مکمل طور پر خواتین کو شامل کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔