• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورنگی کراچی والوں کا مقتل، ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ضلع کورنگی کراچی کے شہریوں کے لیے مقتل بن گیا،ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور شہری کی جان چلی گئی،دو روز میں دوسرا واقعہ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود ویٹا چورنگی کے قریب ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے فیاض ولد محمد رفیق نامی شہری کو قتل جبکہ فواد حسین ولد عبدالمجید کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔مقتول فیاض واقع کے وقت فیکٹری ملازم فواد کےہمراہ موٹرسائیکل پرسوارتھا کہ ڈاکووں نے ویٹا چورنگی کے قریب انھیں روک کرلوٹ مارکی اور فائرنگ کی،زخمی فواد کےبیان کے مطابق مقتول اور اس نے مزاحمت نہیں کی تھی ڈاکوؤں نے فرار ہوتے وقت فائرنگ کی۔مقتول فیاض چار بچوں کاباپ اور کورنگی سیکٹر 50 میو کالونی کارہائشی تھا۔مقتول سات بہن بھائیوں میں تیسرےنمبرپرتھا۔گذشتہ روز بھی کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نجی یونیورسٹی کا طالب علم لاریب جاں بحق ہو گیا تھا۔واقعہ کے بعد ایڈیشنل آئی جی نے ایس ایچ او کو معطل کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا لیکن لاریب کے قتل کا خون ابھی سوکھا بھی نہیں تھا کہ فیاض بھی ڈاکوؤں کا نشانہ بن گیا۔واضح رہے کہ ضلع کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بچوں سمیت متعدد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں لیکن ایس ایس پی کورنگی سمیت افسران ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر تماشا دیکھ رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید