پشاور(نمائندہ جنگ) پشاورہائیکورٹ کے پانچ رکنی لارجربنچ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کیجانب سے سنی اتحاد کونسل کو قومی اسمبلی میں مخصوص نشستیں الاٹ نہ کرنے کےخلاف دائر رٹ درخواست پر مخصوص نشستوں پر نو منتخب ارکان قومی اسمبلی کو 13 مارچ تک حلف اٹھانے سے روک دیا حکم امتناعی میں توسیع کرنے کے ساتھ ساتھ ایک مرتبہ پھر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔درخواست گزار کے مطابق صدارتی الیکشن ہورہا ہے 93سیٹوں والی پارٹی کو مخصوص نشستیں نہیں دی گئی،کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس اعجاز انور، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس سید ارشد علی پر مشتمل بنچ نے کی۔ درخواست گزار سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بابر اعوان، قاضی انور جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ، عاصمہ عالمگیر کی جانب سے قاضی جواد پیپلزپارٹی کی جانب سے گوہر رحمان خٹک جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن کامران صدیق پیش ہوئے ۔