لاہور،فیروزوالہ،شیخوپورہ(خصوصی نمائندہ، نامہ نگار، نمائندہ جنگ )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ویمن ڈے کے حوالے سے پنجاب کی خواتین کے لئے بڑے اعلانات کر دئیے۔خواتین کیلئے جاب کوٹہ 10 سے بڑھا کر 15 فیصد جبکہ آن لائن بزنس کیلئے 50 فیصد قرضے دئیے جائیں گے ،خواتین کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے انٹرنیشنل ویمن سیفٹی ایپ ”نیوراگین“کا افتتاح بھی کر دیا ۔اراضی انتقال فیس معاف کردی ،مریم نواز نے خواتین پولیس اور دیگر افسروں کو سٹیج پر ساتھ کھڑا کرکے خطاب کیا۔ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہر محکمے میں خالی آسامیوں پر خواتین کی بھرتی مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عورتوں کو اپنا لوہا منوانے کیلئے دو گنا محنت کرنا پڑتی ہےمجھے بھی ن لیگ میں 13سال سخت محنت کرنا پڑی اور ایسے مسائل کا سامنا رہا ، پلیس پر ڈے کئیر سینٹرز بنانے کے لئے ایک ارب روپے کا فنڈ مختص کیا جائے گا۔ورکنگ ویمن کے لئے ہوسٹلز بنائے جائیں گے۔ خواتین کے لئے پیڈ انٹر ن شپ شروع کی جائے گی بورڈ آف ریونیو بیٹیوں کے حصہ کا تعین کرکے ورثہ کو جائیداد منتقل کرے گا۔ بہن اور بیٹی کو پراپرٹی گفٹ کرنے پر انتقال فیس نہیں لی جائے گی۔ 3دن میں ورکنگ ویمن کے لئے میٹرنٹی لیو منظور کرنے کا قانون بنایا جائے گا۔ جمنیزیم اور سٹیڈیم میں خواتین کے لئے الگ جگہ اور اوقات کار مقررکیے جائیں گےحکومتی اداروں میں خواتین کے لئے الگ واش رومز اور نماز کے لئے جگہ مختص کی جائے گی ، لڑکیوں کو پنک بائیک د ی جائیں گی اور تحفظ کے لئے قانون سازی ہوگی یونیورسٹی فیس واپسی میں خواتین کا تناسب 50سے 70فیصد ہوگا۔