• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی میں میلے کا سماں زرداری شہباز ساتھ آئے، نواز مسرور

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) صدارتی انتخاب کے مواقع پر قومی اسمبلی میں میلے کاسماں تھا، محمود خان اچکزئی نے آصف زرداری کو مبارکباد دی ، زرداری کے داماد اور دونوں صاحبزادیاں بھی گیلری میں موجود تھیں۔ دارتی انتخاب کے باعث ہفتے کو صبح سے ہی ملک کے مختلف حصوں سے پرجوش سیاسی کارکن جن کی اکثریت کا تعلق پیپلزپارٹی سے تھا پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنا شروع ہوگئے تھے دوپہر ہونے تک گیلریاں مہمانوں سے لبریز ہوگئی تھیں،قومی اسمبلی کے ہال میں جو صدارتی انتخاب کے لئے پولنگ اسٹیشن تھا میلے ٹھیلے کا سماں رہا، وزیراعظم شہباز شریف ، مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کے ہمراہ ووٹ ڈالنے کے لئے آئے تو نواز شریف کافی مسرور دکھائی دے رہے تھے ، وہ اسلام آباد کے پنجاب ہاؤس میں اقامت پذیر ہیں اور دن بھر وہاں انہوں نے اپنی جماعت کے رہنماؤں سے مختلف وفود کی صورت میں ملاقاتیں کیں اور سیاسی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ آصف علی زرداری ووٹ ڈالنے آئے تو اعجاز جاکھرانی، عبدالقادر پٹیل اور دیگر رہنما ان کے جلو میں آئے اس موقع پرارکان کے درمیان خوب نعرہ بازی ہوئی سنی اتحاد کونسل جو تحریک انصاف کے آزاد ارکان کا مجموعہ ہے پیپلزپارٹی سے زیادہ پاکستان مسلم لیگ نون کے اکابرین کےخلاف نعرے بازی کرنے کو اپنا فرض تصور کرتے ہیں،سنی اتحاد کونسل کے چند ارکان حکمران جماعت کے ارکان سے رازدارانہ گفتگوبھی کرتے رہے وہ ارکان جو پہلی مرتبہ اس ایوان میں آئے تھے بے تکلف ہونے سے گریز کررہے تھے ان کا پورا زور نعرے بازی پر تھا ،حمزہ شہباز جب ووٹ ڈالنے آئے تو اتحاد کونسل کے ارکان نے مختصر تعداد ایوان میں موجود تھی اس کےباوجود دو ایک ارکان نے ان کے خلاف فقرے کسے تاہم وہ مسکراتے رہے ،حکومتی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین ہال میں پورا وقت موجود رہیں تاہم وہ ٹولیوں کی شکل میں عقبی نشستوں پر باہم گپ شپ میں مصروف رہ کر وقت گزار رہی تھیں ،باور کیا جاتا ہے کہ وہ زیورات اور لباس کے علاوہ پکوانوں کے بارے میں گفت و شنید کرتی رہیں، مہنگائی اور رمضان المبارک کی تیاری بھی ان کی بات چیت کا حصہ تھی پولنگ کا وقت ختم ہونے میں پانچ منٹ رہ جانے کا اعلان ایسے انداز میں کیا گیا جیسے مساجد سے اعلان ہوتا ہے کہ سحری کا وقت ختم ہونے میں پانچ مٹ باقی رہ گئے ہیں جو ووٹ ڈالنے سے رہ گیا ہے وہ فوراً پہنچے۔

اہم خبریں سے مزید