• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکیج کی رقم بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کردی

اسلام آباد( نمائندہ جنگ ) وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کا حجم ساڑھے 7 ا رب روپے سے بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اتوار کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے رمضان ریلیف پیکیج کا حجم بڑھانے کے علاوہ اس کا دائرہ کار بھی مزید وسیع کرنے کی ہدایت جاری کردی۔یوٹیلیٹی اسٹورز اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ ساتھ موبائل یونٹس بھی سستے داموں کھانے پینے کی اشیاءفراہم کریں گے ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ غریب، ناداراور مستحق افراد تک رمضان ریلیف پیکیج پہنچایا جائے۔ ابتدائی طورپر 1200موبائل پوائنٹس اور 300 مستقل پیکیج ریلیف مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔یکم رمضان سے اختتام رمضان تک ریلیف پیکیج کے تحت عام بازار سے کم قیمت پر اشیاءفراہم کی جائیں گی۔متعین مقامات کے علاوہ ٹرک مختلف علاقوں میں غریب عوام کو سستی اشیائے خوردونوش پہنچائیں گے۔مقام کا تعین جدید ٹیکنالوجی ’جی پی ایس‘ کی مدد کیا جائے گا۔موبائل ایپ کے استعمال کی رہنمائی کے لئے خصوصی وڈیو بھی جاری کی جائے گی۔ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے چلنے والا ڈیش بورڈ تیار کیا جارہا ہے تاکہ موبائل آٹے کی فروخت کی نگرانی ہوسکے۔موبائل یونٹس کے ایک سے دوسرے مقام منتقلی کے دوران آٹے کی فراہمی کا عمل جاری رہے گا۔موبائل اور لائیو فوٹیج سے آٹے کی تقسیم کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔وزیراعظم شہبازشریف نے 7مارچ 2024 کوساڑھے سات ارب روپے کی سبسڈی سے رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کیا تھا۔3کروڑ 96لاکھ خاندانوں کو رمضان المبار ک کے دوران سستے داموں کھانے پینے کی اشیاءفراہم کی جائیں گی۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت آٹا، چاول، دال، گھی، چینی، شربت اور دودھ مارکیٹ سے کم قیمت پر فراہم کیا جائے گا۔رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مستحق افراد کو بازار سے 30فیصد کم قیمت پر اشیائے خوردونوش فراہم کی جائیں گی۔آٹے پر فی کلو 77 روپے اورگھی پر 70 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور کے بورڈ بازار میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والوں کے بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے حملے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔
اہم خبریں سے مزید