کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پچھلے پانچ انٹر نیشنل مقابلوں میں شر کت کے ڈیلی الاؤنس تاحال نہیں مل سکے ، جبکہ ملازمین چھ ماہ سے تنخواہوں کے منتظر ہیں۔ سابق نگراں حکومت نے پی ایچ ایف کو چھ کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی مگر نہ تو کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس مل سکا اور نہ ہی ملازمین کو تنخواہ۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ہمارے لاکھوں روپے پی ایچ ایف پر ہیں مگر کئی ماہ سے صرف جلد ادائیگی کا وعدہ کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب 6 ماہ سے ملازمین تنخواہ کی عدم ادائیگی کے باعث کسمپرسی کے شکار ہیں ۔ طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تقرری کے بعد کانگریس کا اجلاس نہیں ہوسکا جس کے باعث روزہ مرہ کے معاملات تعطل کا شکار ہیں صدر کی آئینی تقرری کانگریس کی منظوری سے مشروط ہے۔