لاہور (نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں 20ہزار الیکٹرک بائیکس اور 657ماحول دوست اربن بس پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی ،وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوامی مشکلات کا بوجھ حکومت کو اٹھا نا ہو گا سیاست کی آڑ میں ملک میں عدم استحکام لانے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں شہریوں کی سہولت کیلئے ٹرانسپورٹ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمی بخاری، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، ایم پی اے ثانیہ عاشق نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری فنانس، ایم ڈی ٹی پی آر اے، صدر بینک آف پنجاب، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے سی ای او، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس کے دوران پنجاب میں 20ہزار الیکٹرک بائیکس اور 657ماحول دوست اربن بس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔