لاہور (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز لندن سے لاہور پہنچ گئے، دونوں تقریباً 7 سال کے بعد وطن واپس پہنچے ہیں۔ خاندانی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حسن نواز اور حسین نواز لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں سے انہیں سخت سکیورٹی میں انکی رہائشگاہ جاتی امراء لایا گیا ۔ جاتی امراء آمد پر نواز شریف ، مریم نواز شریف اور خاندان کے دیگر افراد نے انکا استقبال کیا ۔ حسن نواز اور حسین نواز نے اپنی رہائشگاہ پہنچنے کے بعد اپنی والدہ کلثوم بیگم اور دیگر عزیز و اقارب کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ یاد رہے کہ 8 مارچ کو اسلام آباد کی عدالت نے متعلقہ عدالت میں پیشی کیلئے حسن نواز اور حسین نواز کا اشتہاری کا اسٹیٹس ختم کر دیا تھا۔