اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں ضمانت اور سزا معطلی کی اپیلوں پر میرٹ پر دلائل سننے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھایا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923 میں واضح ہے کہ ان کیسسز میں اپیل کا حق نہیں ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سماعت کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل سلمان صفدر، تیمور ملک اور شاہ محمود قریشی کی طرف سے علی بخاری و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اسپیشل پراسیکوٹرز جسٹس ریٹائرڈ حامد علی شاہ، ذوالفقار نقوی و دیگر بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر آنے اپنے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے عدالتی سوالات پر مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے دئیے۔