پشاور (جنگ نیوز، ایجنسیاں) مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پشاور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ایسا لگتا ہے جیسے مال غنیمت تقسیم ہوا ہو، وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے 104 کے مطابق درخواست گزار پارٹی سیاسی پارٹی ہی نہیں ہے، سنی اتحاد کونسل نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا، قانون میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے لیکن ابھی کیلئے جو تشریح ہے اس سے یہ مسئلہ حل کرنا ہوگا، تشریح یہی ہے کہ کم از کم ایک سیٹ جیتنا لازمی ہے، پھر مخصوص نشستوں کیلئے فہرست بھی آخری تاریخ سے قبل دینا ضروری ہے، جسٹس سید ارشد علی نے کہا کہ104جو کہتا ہے اس پر تو ہم آپکے ساتھ ہیں کہ انہوں نے لسٹ جمع نہیں کی، اب جو صورت حال پیدا ہوگئی ہے پارلیمنٹ نے اس صورتحال کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا، ہم اس کو پارلیمنٹ بھیج دیں وہ اگر اس پر قانون سازی کریں؟۔ جس پر وکیل نے کہا کہ اس کا جواب اٹارنی جنرل صاحب ہی دے سکتے ہیں۔