لاڑکانہ( صابر شاہ/بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196سے دستبردار ہوگئے جبکہ وہ لاڑکانہ شہر اور نودیرو شہر پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقےاین اے194سے اپنی نشست برقرار رکھی ہے۔ الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو زرداری کی دستبرداری کے بعد اس حلقے میں ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اس حلقے سے کاغذات نامزدگی 16سے 18مارچ تک داخل کئے جا سکیں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی سمیت دیگر مراحل طے ہونے کے بعد پولنگ 21اپریل کو ہوگی۔ اس سلسلے میں نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب پی پی کے ذرائع نے کہا ہے کہ بلاول کی خالی ہونے والی نشست پر ان کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری کاغذات نامزدگی داخل کریں گی اور اس طرح وفاقی سطح پر اپنا کردار ادا کریں گی۔ آصفہ بھٹو زرداری کی سیاسی تربیت خاموشی سے کی جاتی رہی ہے اور آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کی مہم کے دوران ان سے ریلیوں اور جلسوں سے خطاب کرکے انہوں نے خود کو قائدانہ صلاحیت کی حامل شخصیت کے طور پر منوا لیا ہے اور پارٹی کی اعلی قیادت اب انہیں قومی اسمبلی کا رکن بنوا کر آصفہ بھٹو زرداری کو وفاق میں ذمہ داریاں ادا کرنے کا موقعہ دینا چاہتی ہیں دوسری جانب حلقہ این اے 196پیپلز پارٹی کے لئے محفوظ ترین حلقہ ہونے کے ساتھ ساتھ اس حلقے سے ماضی میں ایک سے زائد بار بے نظیر بھٹو منتخب ہو چکی ہیں ۔