کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایچ ایف میں سیکرٹری شپ کے دونوں دعوے دار رانا مجاہد علی خان اور سید حیدر حسین نے اپنی لابی کیلئے سابق کھلاڑیوں سے ملاقاتیں شروع کردیں۔ رانا مجاہد نے لاہور میں سابق کھلاڑیوں کے ساتھ قومی ہاکی کے حوالے سے مشاورت کی جبکہ حیدر حسین نے سابق کپتان سمیع اللہ اور دیگر سے ملاقات کی۔ پی ایچ ایف کے نامزد صدر طارق بگٹی خاموش ہیں اور تاحال لاہور نہیں پہنچے۔ وہ دو ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود کانگریس سے اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکے۔ نئے انتخابات کیلئے کلبوں کی اسکروٹنی بھی شروع نہیں ہوسکی، ان کی تقرری کے وقت پی ایچ ایف کے نئے انتخابات کیلئے تین ماہ کا وقت دیا گیا تھا۔