• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ میں اسٹاپ کلاک لانے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے وائٹ بال کرکٹ میں اسٹاپ کلاک لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کی منظوری سالانہ بورڈ میٹنگ میں دے دی۔ میٹنگ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ2024 کے پلیئنگ کنڈیشنزاور 2026 ورلڈکپ کے کوالیفکیشن پراسس کی منظوری دی گئی ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے مستقل بنیادوں اسٹاپ کلاک کا استعمال وائٹ بال کرکٹ میں ہو گا۔ آئی سی سی کے مطابق اسٹاپ کلاک کے رول کے مطابق بولنگ سائیڈ اوور ختم ہونے پر نیا اوور 60 سیکنڈ میں شروع کرانے کی پابند ہوگی ۔ تین بار خلاف ورزی کرنے پر اسے 5 رنز کی پنالٹی دی جائے گی۔ آئی سی سی نے دسمبر 2023 سےاپریل 2024 تک آزمائشی بنیادوں پر اسٹاپ کلاک کا استعمال متعارف کرایا تھا۔ اس دوران ایک روزہ میچ میں تقریباً 20 منٹ کی بچت ہوئی ہے۔ دبئی میں آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزروڈےکی منظوری دے دی گئی، مقررہ دن پر میچ نہ ہونے کی صورت میں میچ کیلئے ریزرو دن ہو گا، گروپ اسٹیج میں میچ مکمل ہونے کیلئے دوسری اننگز میں کم از کم 5 اوورز کا کھیل ہونا لازمی ہوگا۔ ناک آؤٹ مرحلے میں میچ مکمل ہونے کیلئے دوسری اننگز میں کم از کم 10 اوورز کے کھیل کا ہونا لازمی ہوگا۔ آئی سی سی کے مطابق میٹنگ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ2026 کے کوالیفکیشن مرحلے کی بھی منظوری دی گئی۔

اسپورٹس سے مزید