ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر رضوان قدیر نے کہا ہےکہ رمضان المبارک میں عوام الناس کو ریلیف دینے کیلئے مصنوعی مہنگائی مافیا اور ذخیرہ اندازوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔عام مارکیٹ میں ریٹس کے استحکام کیلئے سبزی و غلہ منڈیوں میں انسپکشن بھی کی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اچانک سبزی منڈی میں اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے نیلامی کا جائزہ لیا اور عام مارکیٹ تک اشیاءخوردونوش کی ترسیل بھی چیک کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی ٰ مریم نواز کی جانب سے عوام کو نگہبان رمضان پیکیج کے طور تحفہ دیا گیا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اب تک ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد نادار افراد کو گھر گھر راشن فراہم کردیا گیا ہے جبکہ دوسرے عشرے تک 3 لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد کو گھر گھر راشن فراہم کردیا جائے گا ۔