کراچی( نصر اقبال ، اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی سنیئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹیم آفیشلز کے بھی لاکھوں روپے کے واجبات کی مقروض ہے،مختلف ملکوں میں ہونے والے عالمی مقابلوں میں قومی ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف میں شامل قومی کوچز ٹرینر اور فزیو تھراپسٹ نے بھی پی ایچ ایف سے اپنے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کردیا، پی ایچ ایف پر قومی کوچز کے بھی لاکھوں روپوں کے واجبات ہیں، ان کوچز میں خواجہ جنید، سمیر حسین، ندیم لودھی،ریحان بٹ، محمد علی خان، شہناز شیخ، ثقلین، شکیل عباسی سمیت کئی کوچز ،فزیکل ٹرینر، ٹیم منیجر اور فزیو تھراپسٹ شامل ہیں،جن کا کہنا ہے کہ ان اسائمنٹ کے دوران نہ تو ڈیلی الائونس دیا گیا، نہ ہی پی ایچ ایف نے جو بطور کوچ،ٹرینر اور منیجر معاہدہ کیا تھا اس پر عمل کیا ،انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ہماری مالی مشکلات کو دور کیا جائے۔