اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سول کورٹ اسلام آباد نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے جیل میں قید پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین عمران خان کے خلاف دائر ہتک عزت کیس کا دس سال بعد فیصلہ جاری کرتے ہوئے انکے خلاف20 ارب روپے ہرجانہ کا دعوی 24دن کی تاخیر سے دائر کرنے کی ٹیکنیکل وجہ سے خارج کردیاہے ،اسلام آباد سول کورٹ نے کہا کہ قانونی طور پر توہین آمیز بیان کے چھ ماہ کے دوران دعوی دائر نہیں ہوا، یاد رہے کہ عمران خان نے چیف جسٹس( ر) افتخار چوہدری پر بطور چیف جسٹس آف پاکستان ملک میں2013کے عام انتخابات میں دھاندلی کروانے کا الزام عائد کیا تھا ،جس پر انہوں نے جنوری 2015میں ان کے خلاف سول کورٹ میں ہتک عزت کا دعوی دائرکرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ مسول الیہ ،عمران خان نے ان کی ذات اور اعلیٰ عدلیہ کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگائے ہیں۔