• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداء کیخلاف PTI مہم ملک دشمنی، بھارت سے ملکر پاک فوج کا مذاق اڑا رہی ہے، حکومت

سیالکوٹ/لاہور(ایجنسیاں/جنگ نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ شہداء کے خلاف تحریک انصاف کی مہم ملک دشمنی ہے‘ پی ٹی آئی بھارت کے ساتھ ملکر پاک فوج کا مذاق اڑا رہی ہے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ امریکی سازش کا نعرہ لگانے والے آج امریکا کی فٹ پاتھوں پر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف نعرے لگوا رہے ہیں‘ شہداء کی قربانیوں کا مذاق اڑانے اور پاکستان مخالف مہم چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کوسیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ شہداء کے خلاف ایک سیاسی جماعت نے سوشل میڈیا پر مہم چلائی، ان کی شہادتوں کا مذاق اڑایا گیا، وطن کے ساتھ اس سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں سکتی۔ دہشت گردی کے واقعے سے متعلق اہم پیشرفت بھی سامنے آئی ہے، ان دہشتگردوں کے سہولت کار ٹریس ہوئے ہیں، ہمیں افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا بھی علم ہے‘دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں ضرور کامیاب ہونگے۔اس کے لیے سب کو متحد ہونا ہو گا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ الیکشن میں اختلافات پر شہداء کو شامل کرنا انتہائی گھٹیا عمل ہے اور جو جماعت ایسا کر رہی ہے وہ اصل میں اپنی شناخت بھی کھو چکی ہے اور آج بے نام پارٹی ہے، کون اس پارٹی کو چلا رہا ہے اور کون ملک سے باہر بیٹھ کر گالیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ آئی ایم ایف اور امریکی کانگریس مین کو خط لکھتے ہیں کہ پاکستان کو قرضہ نہ دیا جائے‘کوئی بھی سیاسی جماعت حد پار کرے گی تو اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا‘ ان کا اقتدار انکی اپنی کرتوتوں کی وجہ سے گیا، ان کی اپنی صفوں میں پھوٹ ہے۔حالیہ عام انتخابات کو فکس میچ کہنے والے اس کے بعد ہونے والے سینٹ انتخابات سمیت تمام انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں جس میں انہیں بری طرح شکست فاش ہوئی ہے، اگر یہ فکس میچ ہے تو پھر یہ کیوں حصہ لے رہے ہیں۔ نا حصہ لیں ۔دونوں اطراف تو نہ کھیلیں ،ایک بات کریں۔علاوہ ازیں لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ شہداءکی قربانیوں کا مذاق اڑانے اور پاکستان مخالف مہم چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، ایک سیاسی جماعت پہلے بھی شہداءکے خلاف توہین آمیز رویہ اختیار کر چکی ہے، ایسا رویہ ناقابل برداشت ہے۔ ٹیکس اصلاحات اور ایف بی آر کی تنظیم نو پر بھی کام کیا جا رہا ہے، کوئی دن ایسا نہیں گذرتا جب وزیراعظم معیشت سے متعلق کوئی میٹنگ نہ کرتے ہوں۔ ہم شہداءکے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیںلیکن دوسری طرف ایک سیاسی جماعت وزیرستان کے شہداءکی تضحیک کرنے میں مصروف ہے، اس جماعت کا ماضی میں بھی ٹریک ریکارڈ رہا ہے کہ انہوں نے شہداءکی قربانیوں کے حوالے سے توہین آمیز اور تضحیک آمیز سوشل میڈیا مہم چلائی۔ سو مرتبہ سیاسی تنقید کریں، قومی یکجہتی اور سلامتی کے لئے ہمیں اکٹھے ہونا چاہئے، کچھ ریڈ لائنز ہیں جنہیں عبور نہیں کرنا چاہئے، تنقید برائے اصلاح ہونی چاہئے۔ سوشل میڈیا کو ذمہ داری سے استعمال کرنا چاہئے۔ شہداءکی توہین کرنے والے اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ہم ملک کو ڈیفالٹ نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی عمارت کے سامنے احتجاج کا کیا مطلب ہے؟، پاکستان آ کر احتجاج کریں، اس طرح کی مہم چلانے والوں کو شناخت کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔بہت سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرون ملک سے آپریٹ ہو رہے ہیں لیکن ان اکاؤنٹس کے فالورز ملک کے اندر بھی موجود ہیں، ان اکاؤنٹس کو رپورٹ بھی کیا گیا ہے، ایسے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔سوشل میڈیا کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک چارٹر کرنا چاہئے، خواتین کے خلاف گھٹیا مہم، لوگوں پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے اور ریڈ لائن کراس کرنے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق ہونا چاہئے۔

اہم خبریں سے مزید