کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کو ملائیشیا میں 30 ویں سلطان اذلان شاہ کپ میں حصہ لینا ہے مگر پی ایچ ایف کے معاملات میں غیر یقینی صورت حال کی وجہ سے ایونٹ کی تیاری متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پچھلے دو ماہ سے قومی سطح پر ہاکی سر گرمیاں منجمد ہیں، صرف سیاست عروج پر ہے، عہدے پر قبضے کے لئے ہر کوئی فعال دکھائی دے رہا ہے، مالی مشکلات سے دوچار کھلاڑی اپنے بقایاجات کیلئےسراپا احتجاج ہیں، اذلان شاہ ٹور نامنٹ 4 سے11 مئی تک اپوہ میں کھیلا جائے گا۔ 1995 سے کھیلے جانے والے اس ٹور نامنٹ میں پاکستان تین بار فاتح رہا، آخری بار2003میں پاکستان نے یہ ایونٹ جیتا، اس مقابلے کیلئے قومی ہاکی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا اعلان نہیں کیا گیا، حکام غیر ملکی کوچ کی تلاش میں ہیں، دوسری جانبکھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ فیڈریشن کی لڑائی سے کھیل متاثر ہورہا ہے، ایونٹ سے پہلے اس کی تیاری پر توجہ نہیں دی جاتی ہے پھر ناکامی کا ملبہ کھلاڑیوں پر ڈال دیا جاتا ہے۔ کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا ہے کہ بڑے مقابلوں کے لئے کم از کم دو ماہ کا ٹریننگ کیمپ لگنا چاہئے، کوئی ڈومیسٹک ایونٹ ہورہا ہوتا ہے تو کھلاڑیوں کو تربیت اور فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں ہوتا ہے۔