اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کا فارم 45 اور 48 کیا ہے، کس حوالہ سے ان کا ذکر ہے، فارم 45 کو کون سی شق ڈیل کرتی ہے، ہم قانون دیکھنا چاہتے ہیں، یہ کوئی مارشل لاء کے تحت ریفرنڈم تو نہیں تھا کہ 99 فیصد سے زائد ووٹ پڑ گئے، الیکشن کمیشن کاکام ختم، الیکشن ٹربیونل بن چکے ہیں، ہماراکام اتنی باریکیوں میں جانا نہیں، یہ الیکشن کمیشن کاکام ہے، اگر ہم اتنی باریکیوں میں جائینگے توہمیں 400الیکشن پیٹیشنز سننا پڑیں گی، اتناتوکام ہم سے نہ کروائیں کہ سارادن ایک ہی کیس چلائیں، ہم فوراً الیکشن پیٹیشن لگاتے اورچلاتے ہیں۔ جبکہ سپریم کورٹ نے تمام فریقین کی رضا مندی سے بلوچستان کے حلقہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں الیکشن کمیشن پاکستان کا صرف 6 پولنگ اسٹیشنر پر دوبارہ ووٹنگ کرانے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے پورے حلقہ میں دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دے دیا۔