اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ بارش متاثرین کی مدد اولین ترجیح، تنہا نہیں چھوڑ سکتے قدرتی آفات سے پیداہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور لوگوں کے ریسکیو و مدد کےلئے جامع لائحہ عمل ضروری ہے،امداد کو شفاف انداز سے لوگوں تک پہنچایا جائے، متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں گفتگوکرتےہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ احد خان چیمہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو این ڈی ایم اے کی جانب سے حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد، قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع اور ریسکیو و امداد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزیراعظم نے حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی امداد جلد اور شفاف انداز میں مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کو صوبوں کے ساتھ مل کر جوائنٹ سروے جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے کو قدرتی آفات کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ آئندہ تعاون مزید بڑھائے ۔ وزیر اعظم نے اپنے گزشتہ دورِ حکومت میں این ڈی ایم اے کو اپنی تکنیکی استعداد بڑھانے کے حوالے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کو حکومتی امداد کی فراہمی جلد مکمل کی جائے، امداد کو شفاف انداز سے لوگوں تک پہنچایا جائے، مشترکہ سروے مکمل کرکے امداد صرف اور صرف متاثرہ مستحقین کو ہی پہنچائی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ قدرتی آفات سے نمٹنے اور لوگوں کے ریسکیو و مدد کےلئے جامع لائحہ عمل ضروری ہے، حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کو کسی قیمت اکیلا نہیں چھوڑ سکتا، متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کو حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں نقصانات اور وفاقی حکومت کی جانب سے امدادی کاروائیوں و امدادی رقوم کی تقسیم کے بارے بتایا گیا۔