اسلام آباد (نیوز ایجنسی) بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے یومِ پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا عہد ہے غلامی کسی صورت قبول نہیں، دستور کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور قوم کی حقیقی آزادی سے کم کسی شے پر مطمئن نہیں ہوں گے۔
اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ 23 مارچ تصورِ پاکستان کا امین اور ایک اسلامی فلاحی ریاست کے حصول و قیام کے عہد کا دن ہے، اس مبارک دن کے موقع پر غلام ہندوستان کے مسلمانوں نے اقبال کے فلسفہ خودی اور خودمختاری سے روشنی پاتے ہوئے جناب قائدِ اعظم کی قیادت میں ایک آزاد مملکت کے حصول کا عہد باندھا، بانیانِ پاکستان کے آزاد مملکت کے حصول کا ہدف مسلمانانِ ہند کیلئے قانون کی حکمرانی، مساوات، عدل و انصاف اور جمہوری اقدار و روایات کی پاسبان ریاست کے قیام سے مزین تھا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان کے روز آج پاکستان کو بانیانِ پاکستان کے تصورات و فرامین کی روشنی میں دستور و قانون اور فلاح و ترقی سے آراستہ ایک جمہوری ریاست کی صورت میں ڈھالنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،ہمارا عہد ہے کہ غلامی کی کسی صورت کو قبول کریں گے نہ دستور کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور قوم کی حقیقی آزادی سے کم کسی شے پر مطمئن ہوں گے۔