کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کی نئی مینجمنٹ تشکیل دی جا رہی ہے ۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کو غیر قانونی کانگریس اجلاس بلانے پر پہلا شو کاز نوٹس جاری کیا ہے۔ جواب نہ آیا تو مزید کارروائی کریں گے۔ وہ پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 15 اپریل سے اسلام آباد میں ہاکی کیمپ لگے گا ۔ ٹیم کے کوچ بیرون ملک سے آئیں گے ۔ ایف آئی ایچ سے کوچ کی فہرست مانگی ہے ۔ رولنٹ آلٹمنس بھی کوچ ہو سکتے ہیں۔ پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد نے کہا کہ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن خالد بشیر، اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر قدیر بشیر اور علی عباس کو ملازمت سے فارغ کر دیا ہے۔بریگیڈیئر ریٹائرڈ مسرت اللہ صدر کے ایڈوائزر رہیں گے۔ ہمارے ای میل ہیک کیے گئے ہیں۔ جس کو ایف آئی اے میں رپورٹ کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے اولمپک ہاؤس لاہور میں صدر ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی سے ملاقات کی اور پی ایچ ایف صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔